راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور نوجوان کرکٹرز کو ایشیا کپ انڈر 19 جیتنے پر دلی مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی تاریخی فتح پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور یہ نوجوان کرکٹرز کی نظم و ضبط، ٹیم ورک اور محنت و جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ معیار کے ساتھ قومی تشخص کے سفیر بننا ہوگا۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مستقبل میں بھی محنت اور لگن کے ذریعے جاری رکھنی ہوگی۔
انڈر 19 ٹیم نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی کو اعزاز اور تحریک قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

















