Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی ایئر لائن کی نجکاری کیلئے بولی کا پہلا مرحلہ مکمل، تینوں پری کوالیفائیڈ بڈرز کی بڈز جمع

حکام نجکاری کمیشن کے مطابق کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کیلئے 90 دن کی مہلت دی  جائے گی۔

قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، دلچسپی رکھنے والے تینوں پری کوالیفائیڈ بڈرز نے بڈز جمع کرا دیں،آج ساڑھے 3 بجے بڈزاوپن کی جائیں گی، جہاں پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی فروخت کیلئے بولی لگائی جائے گی۔

حکام نجکاری کمیشن کے مطابق کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کیلئے 90 دن کی مہلت دی  جائے گی۔

پی آئی اے کے کل اثاثے 150 سے 190 ارب روپے کے درمیان ہیں، جبکہ قومی ایئرلائن کے پاس 34 طیارے، 18 آپریشنل اور 16 گراؤنڈ ہیں۔

حکام  کا کہنا ہے کہ پی آئی اے روزانہ 70 پروازیں، 45 بین الاقوامی اور 25 ملکی روٹس پر چلاتی ہے، اس وقت پی آئی اے 18 انٹرنیشنل اور 13 ڈومیسٹک روٹس پر فعال ہیں۔

پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد ساڑھے 9 ہزار، نئے خریدار کو ایک سال تک ملازمت کا تحفظ دینا ہوگا، قومی ایئرلائن  کی یومیہ آمدن 600 سے 800 ملین روپے کے درمیان ہے، جبکہ جنوری تا جون 2025 میں پی آئی اے کی آمدن 112 ارب روپے رہی، حکومت پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی خواہاں ہیں۔

حکام نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ نجکاری بولی میں اب صرف تین کمپنیاں حصہ لیں گی، فوجی فرٹیلائزر براہِ راست بولی میں شامل نہیں ہوگی، نجکاری کی بولی میں عارف حبیب، ایئر بلیو اور لکی کنسورشیم حصہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نجکاری کمیشن آج پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی بولی کرے گا

کامیاب خریدار کو نئے جہازوں کی خریداری پر سیلز ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا، پی آئی اے کے ایف بی آر اور ایوی ایشن واجبات خریدار ادا نہیں کرے گا، جبکہ پی آئی اے کو ایف بی آر کے 26 ارب جبکہ ایوی ایشن کے 7 ارب ادا کرنا ہیں۔

حکام نے بتایا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے میں 80 ارب روپے کی سرمایہ کاری لازم ہوگی، بولی میں شرکت کیلئے 2 ارب روپے زرِ ضمانت جمع کرانا ہوگا، ریزرو پرائس کی منظوری کے بعد کابینہ کمیٹی سے حتمی منظوری لی جائے گی۔

بولیاں میڈیا کی موجودگی میں سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولی جائیں گی، نجکاری شفاف طریقے سے مکمل کی جائے گی۔