چین کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو پانچ سال تک کام جاری رکھنے اور محنت کرنے پر بونس کے بجائے مفت فلیٹس دینے کا نیا اور دلچسپ منصوبہ شروع کیا ہے، جس کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
کمپنی کے مطابق، تین سال کے دوران کل 18 فلیٹس ملازمین کو دیے جائیں گے، جس کا مقصد بہترین ٹیلنٹ کو اپنی طرف راغب کرنا اور ان کی محنت کا اعتراف کرنا ہے۔
یہ کمپنی جنوبی چین کے شہر وینژو میں واقع ہے اور آٹوموٹیو فاسٹنر مصنوعات میں مہارت رکھتی ہے۔
کمپنی کے جنرل مینیجر وانگ جیایوان نے بتایا کہ اس کا مقصد ماہر تکنیکی اور انتظامی عملے کو انعام دینا اور انہیں کمپنی میں طویل مدت تک برقرار رکھنا ہے۔
کمپنی نے اس سال پانچ فلیٹس ملازمین کو دیے ہیں اور آئندہ برس آٹھ مزید فلیٹس دینے کا ارادہ ہے۔ تین سال میں کل 18 فلیٹس دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ فلیٹس کمپنی سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں اور ان کے سائز 100 سے 150 مربع میٹر کے درمیان ہیں۔ ان علاقوں میں سیکنڈ ہینڈ گھروں کی اوسط قیمت تقریباً 7,000 سے 8,500 یوان فی مربع میٹر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملازمین کوصبح سویرے دفترآنے پرمجبور کرنا ذہنی صحت کیلئے تقصاندہ قرار
ملازمین کو فلیٹ دینے کی شرائط
جو ملازمین ان فلیٹس کو حاصل کرتے ہیں، انہیں ہاؤسنگ معاہدے پر دستخط کرنے پڑتے ہیں اور کمپنی کی جانب سے مرمت کے بعد ان فلیٹس میں رہائش اختیار کرنی ہوتی ہے۔ پانچ سال کی سروس مکمل ہونے پر فلیٹ ملازم کے نام کر دیا جاتا ہے اور اس دوران جو مرمت کی لاگت آئی ہوتی ہے، وہ کمپنی کو واپس کرنی ہوتی ہے۔
کمپنی نے اس منصوبے پر 10 ملین یوان سے زیادہ سرمایہ کاری کی ہے اور پہلے ہی 18 فلیٹس خرید لیے ہیں۔ وانگ جیایوان نے مزید بتایا کہ ان پانچ فلیٹس میں سے دو ایسے ملازمین کو دیے گئے ہیں جو ابتدائی سطح کے عہدوں سے ترقی کر کے مینجمنٹ تک پہنچ چکے ہیں۔
کمپنی کے جنرل مینیجر نے کہا کہ اس طرح کے فوائد دینے کا مقصد صرف ملازمین کو انعام دینا نہیں، بلکہ آپریشنل اخراجات کو کم کرنا اور معیار کے انتظام کو بہتر بنانا ہے۔ ان کے مطابق، یہ فلیٹس اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ بہترین عملہ کمپنی کے ساتھ رہے اور اپنا کام دلجمعی سے جاری رکھے۔




















