Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں قومی سلامتی کے چیلنجز پر جامع خطاب

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر صدر این ڈی یو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران قومی سلامتی کو درپیش داخلی، علاقائی اور عالمی چیلنجز پر جامع اور بامقصد گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں جامع، ہمہ جہتی اور مستقبل بین تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن عناصر بالواسطہ اور مبہم طریقوں سے پاکستان کے لیے چیلنجز پیدا کر رہے ہیں اور پراکسیز کے ذریعے اندرونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کی عسکری اور قومی قیادت کو پیچیدہ، غیر روایتی اور ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔

آرمی چیف نے غیر یقینی حالات میں واضح، بروقت اور مضبوط فیصلہ سازی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے سائیبر، معلوماتی اور معاشی محاذوں پر ہمہ وقت تیاری پر بھی زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے پیشہ ورانہ عسکری تعلیم کو قومی استحکام اور سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

انہوں نے ادارہ جاتی صلاحیت اور قومی لچک (National Resilience) کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آرمی چیف نے کورس کے شرکا کی جانب سے پیش کیے گئے تجزیوں اور سفارشات کو سراہا اور افسران کو ایمانداری، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کی اقدار اپنانے کی تلقین کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر صدر این ڈی یو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔