امریکا میں شدید طوفان کے باعث سرکاری وقت کے نظام میں عارضی سست روی ریکارڈ کی گئی ہے۔
امریکا کی ریاست کولوراڈو میں گزشتہ ہفتے آنے والے شدید آندھی طوفان کے بعد ملک کے سرکاری وقت کے معیار میں عارضی خلل پیدا ہوگیا۔
طوفان کے نتیجے میں بجلی کے نظام اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت بڑے پیمانے پر بجلی منقطع کی گئی۔
کولوراڈو کے شہر بولڈر میں واقع قومی ادارہ برائے معیار و ٹیکنالوجی میں نصب درجنوں انتہائی حساس ایٹمی گھڑیاں اس صورتِ حال سے بالواسطہ طور پر متاثر ہوئیں۔
اگرچہ ان گھڑیوں میں موجود بیٹری نظام انہیں چلتا رکھنے میں کامیاب رہا، تاہم بجلی کی بندش کے دوران چند گھڑیوں کا مرکزی ناپ تول اور تقسیم کے نظام سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
اس رکاوٹ کے باعث امریکا کے سرکاری وقت کے معیار میں ایک دن کے دوران تقریباً چند لاکھویں حصے کے برابر سست روی ریکارڈ کی گئی۔
یہ وقفہ انسانی روزمرہ زندگی میں کسی قسم کی تاخیر پیدا کرنے کے لیے ناکافی ہے تاہم ماہرین کے مطابق اس کا اثر حساس شعبوں جیسے قومی انفراسٹرکچر، مواصلاتی نظام، سیٹلائٹ رہنمائی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی پر پڑسکتا ہے۔
قومی ادارے کے نگران سائنس دان کے مطابق تمام ایٹمی گھڑیاں درست رفتار سے چلتی رہیں، مسئلہ صرف ان کے درمیان رابطے کے نظام میں پیدا ہوا۔
ادارے میں موجود بیس سے زائد ایٹمی گھڑیاں مسلسل نگرانی میں رہتی ہیں، جن میں سے منتخب گھڑیوں کی مدد سے امریکا کا سرکاری وقت طے کیا جاتا ہے جو عالمی وقت کے نظام میں بھی حصہ ڈالتا ہے۔
صورتحال پر فوری قابو پا لیا گیا، بجلی کی بحالی کے بعد تکنیکی ٹیم نے وقت کے نظام میں آنے والی اس معمولی تبدیلی کو درست کردیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ جدید دنیا میں وقت کے نہایت درست نظام کس قدر حساس اور اہم کردار ادا کرتے ہیں۔




















