Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی آئی اے کی نجکاری؛ وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد، معیشت کے لیے اہم سنگِ میل قرار

الحمدللہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی کا پورا عمل شفاف انداز میں مکمل ہوا، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کے لیے کامیاب اور شفاف بڈنگ کے انعقاد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالتے ہی قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں گے اور پی آئی اے کی نجکاری کا یہ مرحلہ اس وعدے کی تکمیل کی جانب ایک انتہائی اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی کا پورا عمل شفاف انداز میں مکمل ہوا جس سے حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق اس عمل نے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی جب کہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہونے کے ساتھ ساتھ اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا خوش آئند ہے اور پی آئی اے کی نجکاری اس اعتماد کی عملی مثال ہے۔ حکومت ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر برائے نجکاری محمد علی، نجکاری کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستی اداروں کے باہمی تعاون سے ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط اور خود کفیل معیشت بنایا جاسکے۔