اسلام آباد: بحرین نیوی کے کمانڈر کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جس دوران پاک بحرین بحری تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بحرین نیوی کے کمانڈر ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم البن علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم البن علی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پاک بحریہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیاں خطے میں امن و استحکام کے لیے قابلِ قدر ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں بحری سربراہان کے درمیان علاقائی سمندری سلامتی، بحری تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں سمندری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون اور رابطوں کو مزید فروغ دینا ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے درمیان دفاعی اور بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ تربیتی پروگرامز، پیشہ ورانہ تبادلوں اور صلاحیتوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک کی بحری افواج نے مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور موجودہ روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بحرینی بحریہ کے کمانڈر نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کردار کو سراہا جب کہ ایڈمرل نوید اشرف نے بحرین نیوی کے ساتھ تعلقات کو پاک بحریہ کے لیے اہم قرار دیا۔


















