پرائیویٹ حج آپریٹرز کے تحت جانے والے عازمینِ حج کے لیے خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے۔ اس سال کوئی بھی پرائیویٹ حاجی حج سے محروم نہیں رہے گا، کیونکہ نجی حج آپریٹرز نے مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل تمام عازمین کی بکنگ مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق حج آرگنائزرز نے عازمین کی 100 فیصد رقم سعودی عرب منتقل کر دی ہے۔ گزشتہ سال رقوم بروقت منتقل نہ ہونے کے باعث 63 ہزار عازمین حج کی سعادت سے محروم رہ گئے تھے، تاہم اس بار ایسے کسی بحران کا خدشہ نہیں۔
نجی عازمینِ حج کے لیے رہائش، کھانے پینے اور دیگر تمام سروسز کی مکمل ادائیگیاں کر دی گئی ہیں، جبکہ منیٰ میں بھی رہائش کی بکنگ حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے نجی حج آپریٹرز کو 31 دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جس پر مکمل عمل درآمد کر لیا گیا ہے۔
چیئرمین ہوپ ناصر خان نے بھی پرائیویٹ عازمینِ حج کی تمام ادائیگیوں کی تصدیق کر دی ہے۔
حج آپریٹرز کا کہنا ہے کہ اس بروقت انتظام سے نجی عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور حج کے تمام مراحل باقاعدہ اور منظم انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔


















