Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی جی سندھ کے اعزاز میں شاندار اور باوقار عشایئے کا اہتمام

سندھ پولیس کی قیادت ایک اعزاز کے ساتھ ساتھ بڑا امتحان بھی تھی، آئی جی سندھ

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی جانب سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے اعزاز میں ایک شاندار اور باوقار عشایئے کا اہتمام کیا گیا جس دوران انہیں سندھی ٹوپی اور اجرک بطور تحفہ پیش کی گئی۔

وزیر داخلہ سندھ نے انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے اعزاز میں ایک شاندار اور باوقار عشائیے کا اہتمام کیا جب کہ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کا خیرمقدم کیا گیا۔

تقریب میں اراکینِ صوبائی اسمبلی، معاونینِ خصوصی، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات اور سندھ پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ایک ایسے سینئر پولیس افسر کے اعزاز میں جمع ہیں جنہوں نے نہ صرف سندھ پولیس کی قیادت کی بلکہ انتہائی مشکل حالات میں امن و امان کے قیام کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھ کر ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب وزارتِ داخلہ کا منصب سنبھالا تو صوبے خصوصاً کچے کے علاقوں اور کراچی میں جرائم کی صورتحال تشویشناک تھی اور پولیس پر غیر معمولی دباؤ تھا۔

وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ بعض معاملات پر اختلافِ رائے ضرور رہا تاہم ان اختلافات کو تصادم کے بجائے بہتری کا ذریعہ بنایا گیا۔ باہمی مشاورت، زمینی حقائق کے مطابق حکمتِ عملی اور مشترکہ فیصلوں کے نتیجے میں سندھ میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، جرائم کی شرح میں کمی ہوئی اور پولیس پر عوامی اعتماد بحال ہوا۔

انہوں نے غلام نبی میمن کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تجربہ اور دباؤ میں فیصلے کرنے کی اہلیت قابلِ تحسین ہے۔

وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ ادارے اسی وقت مضبوط ہوتے ہیں جب سیاسی قیادت اور پولیس قیادت باہمی احترام، برداشت اور اجتماعی سوچ کے ساتھ کام کریں۔ ان کے مطابق یہ تقریب محض الوداع نہیں بلکہ غلام نبی میمن کی خدمات کے اعتراف کا موقع ہے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے خطاب کرتے ہوئے حکومتِ سندھ اور بالخصوص وزیر داخلہ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی قیادت ان کے لیے ایک اعزاز کے ساتھ ساتھ بڑا امتحان بھی تھی۔ جب انہوں نے ذمہ داری سنبھالی تو جرائم، دہشت گردی کے خدشات، اسٹریٹ کرائم اور عوامی دباؤ جیسے چیلنجز درپیش تھے تاہم سیاسی سرپرستی اور واضح سمت نے پولیس کو مؤثر کارکردگی کا موقع فراہم کیا۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ ہر معاملے پر مکمل اتفاق ممکن نہیں ہوتا لیکن وزیر داخلہ سندھ نے ہمیشہ ادارے کو مضبوط کرنے، پولیس کو اعتماد دینے اور پیشہ ورانہ فیصلوں کی حمایت کی۔

ان کے مطابق سندھ میں امن و امان کی بہتری کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں حکومتِ سندھ، پولیس افسران اور جوانوں نے مل کر کردار ادا کیا۔

انہوں نے سندھ پولیس کے تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، قربانیوں اور پیشہ ورانہ عزم کے باعث صوبے میں امن و امان کا قیام ممکن ہوا۔

تقریب کے اختتام پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو سندھی ٹوپی اور اجرک بطور تحفہ پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں