اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کسی کو مذہب کے نام پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کرسمس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی بہن بھائیوں نے ترقی، خوشحالی میں کردار ادا کیا، پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن، یہاں سب کے حقوق برابر ہیں، پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پرعمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام مساوات، عدل، انصاف اور انسانی احترام کا درس دیتا ہے، مسجد، مندر، گرجا گھریا گوردوارہ سب کو عبادات کی آزادی حاصل ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، افواج پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دی، ہمارے شاہینوں نے بھارت کے 7طیارے مار گرائے، قوم مسلح افواج میں مسیحی افسران، جوانوں کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتی۔
انکا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام انسانیت کیلئے محبت اورخدمت کا پیغام لائے، دنیا کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیغام کی بہت زیادہ ضرورت ہے، قرآن کریم میں حضرت عیسیٗ علیہ السلام اور انکی والدہ کا بلند مقام بیان کیا گیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں، خصوصاً مسیحیوں کا قابل قدر اور تاریخی کردار ہے، حضرت عیسیٰ انسانیت کیلئے دست شفا تھے، ان کا یوم ولادت منانے کیلئے آج اکٹھے ہوئے ہیں، حضرت عیسیٰ کی ولادت انسانیت پراللہ تعالیٰ کی عنایت تھی۔















