بھارتی ریاست بہار کی کرکٹ ٹیم نے لسٹ اے کرکٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
وجے ہزارے ٹرافی کے میچ میں بہار نے اروناچل پردیش کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 574 رنز اسکور کر کے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا۔
میچ کے دوران بہار کے بیٹرز نے اروناچل پردیش کے بولرز کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔ ویبھو سوریاونشی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 گیندوں پر 190 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ اسی کھلاڑی نے محض 59 گیندوں پر 150 رنز بنا کر ایک اور نیا سنگ میل عبور کیا۔
ٹیم کے کپتان ثاقب الغنی نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 32 گیندوں پر سنچری اسکور کی، جو انہیں لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والا بھارتی بیٹر بناتی ہے۔ یہ سنچری لسٹ اے کرکٹ کی مجموعی تاریخ کی تیسری تیز ترین سنچری بھی قرار پائی۔
ثاقب الغنی نے اروناچل پردیش کے خلاف 40 گیندوں پر 128 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 12 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ ایوش لوہاروکا نے بھی 56 گیندوں پر 116 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں نمایاں کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2022 میں وجے ہزارے ٹرافی ہی کے ایک میچ میں تامل ناڈو نے 506 رنز بنا کر لسٹ اے کرکٹ کا ریکارڈ قائم کیا تھا، جسے اب بہار نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔



















