Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، کمانڈر بحرین نیول فورس کا خطاب

نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا

کراچی:  پاکستان نیول اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم نے خطاب کیا۔

پاکستان نیول اکیڈمی میں مڈشپ مین اور شارٹ سروس کمیشن کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے کہا کہ کیڈٹس کے لیے امکانات کی ایک وسیع دنیا موجود ہے، وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک و قوم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہی ہے جو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

کمانڈر رائل بحرین نیول فورس نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف بہادری سے لڑ رہی ہے اور افواجِ پاکستان دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں۔

انہوں نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک اسلامی اخوت کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

ریئر ایڈمرل نے کہا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں کردار کی بنیادی اہمیت ہوتی ہے، جبکہ جدید دور میں ٹیکنالوجی نے وار فیئر کا انداز بدل دیا ہے، اس لیے نوجوان افسران کو خود کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

انہوں نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ اس موقع پر نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا، جبکہ کیڈٹس نے پاک بحریہ کے سربراہ کو سلامی پیش کی۔

بعد ازاں ریئر ایڈمرل محمد ابراہیم آل بن علی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔