Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایشز سیریز : انگلینڈ نے آسٹریلیا میں 15 سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا

انگلینڈ نے آسٹریلیا میں وائٹ واش سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ تاریخی فتح حاصل کی

میلبورن: انگلینڈ نے آسٹریلیا میں 15 سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ جیت کر شائقین کرکٹ کو خوش کر دیا۔

آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری ایشز سیریز کے دوران انگلینڈ نے 175 رنز کے ہدف کو حاصل کیا اور چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے اعداد و شمار کے مطابق، آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 152 رنز بنائے، مائیکل نیسر 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 152 رنز کے جواب میں 110 رنز بنائے، جس میں ہیری بروک 41 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں  آسٹریلیا نے 42 رنز کی لیڈ سے کھیل شروع کیا، تاہم آسٹریلوی بیٹنگ لائن ایک بار پھر فلاپ ہوئی اور پوری ٹیم محض 132 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے بریڈن کارس آسٹریلوی بیٹنگ لائن پر قہر بن کر ٹوٹے اور 34 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ بین اسٹوکس نے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور یوں آسٹریلیا میں 15 سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل نے 40، زیل کراولی 37 اور بین ڈکٹ نے 34 رنز کی اہم اننگز کھیل کر انگلینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ ایشز سیریز میں دوسری بار ایسا ہوا کہ 2 دن میں ہی ٹیسٹ میچ ختم ہوگیا، اس کے ساتھ ساتھ تاریخ میں یہ پانچویں بار تھا کہ کسی سیریز میں 2 روز کے اندر ہی ٹیسٹ میچ ختم ہوگیا۔

اس جیت کے ساتھ انگلینڈ نے آسٹریلیا میں وائٹ واش سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ تاریخی فتح حاصل کی، جو ایشز کی مہنگی سیریز میں ایک بڑی کامیابی سمجھی جارہی ہے۔