Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار کاروبار میں تیزی، نیا ریکارڈ قائم

مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ایک ہفتے کے دوران 7 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 19,464 ارب روپے ہو گئی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں تیزی رہی اور 100 انڈیکس میں 996 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 171,404 سے بڑھ کر 172,400 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ چار روزہ کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 172,582 اور کم ترین سطح 170,641 رہی۔

مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ایک ہفتے کے دوران 7 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 19,464 ارب روپے ہو گئی۔

مارکیٹ میں چار روزہ کاروبار کے دوران تین دن مندی اور ایک دن تیزی رہی۔ یوم قائد اعظم کی سرکاری تعطیل کے باعث کاروباری ہفتہ چار دنوں تک محدود رہا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کامیاب نجکاری کے بعد بینکنگ، انشورنس اور دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے راہ ہموار ہوئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور انویسٹرز کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے کاروباری ہفتے میں اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔