Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 بھارتی پراکسی خارجی دہشت گرد ہلاک

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے پنجگور میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 بھارتی پراکسی خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں 4 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف استعمال کیا جانا تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جاسکے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔