کراچی: پاکستان کی ممتاز ماہرِ معاشیات اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کرگئیں۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث آج انتقال کرگئی ہیں۔ وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے بورڈ کی چیئرپرسن کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی تھیں۔
ترجمان پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بتایا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے جمعہ کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر کا شمار پاکستان کی صفِ اول کی ماہرینِ معاشیات میں ہوتا تھا۔ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی گورنر رہنے کے علاوہ مختلف قومی و بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے بھی وابستہ رہیں اور ملکی معاشی پالیسی سازی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ان کے انتقال پر معاشی و کاروباری حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے جب کہ مختلف اداروں اور شخصیات کی جانب سے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے۔














