گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جو انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ برداشت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ایسی باتیں کر رہا ہے اس کے پیچھے بھارت اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کھڑے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ فیلڈ مارشل کو دھمکیاں دینے کے معاملے پر برطانیہ کو بھی سنجیدگی سے نوٹس لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں پاکستان نے اپنی طاقت ثابت کی، اسی وجہ سے آج دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے ملک کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے اور پاکستانی ہتھیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا ہے، جو قومی دفاع کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے نام پر ایک دکان کھولی ہوئی ہے اور سنجیدہ سیاست کے بجائے محض بیانات دیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں کراچی کے لیے وفاقی پیکیج سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وہ خود دیکھیں گے کہ کراچی پیکیج میں کہاں اور کیوں رکاوٹیں حائل ہیں۔
کامران ٹیسوری نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے برطانیہ میں پاکستان مخالف باتیں کی جا رہی ہیں، جو اسی طرح ہے جیسے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ برطانیہ میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور مئی کی جنگ کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس منفی بیانیے کی مذمت کرتا ہے اور یہ بیانیہ زیادہ دن نہیں چلے گا۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے اور اب وہ اوورسیز پاکستانیوں کو ورغلا رہے ہیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے پروپیگنڈے سے دور رکھیں۔
گورنر سندھ نے افغانستان کی سرزمین کے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ برطانیہ میں ہمارے فیلڈ مارشل کے خلاف کی جانے والی باتیں بھی اسی بیانیے کا حصہ ہیں، جو دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے ساتھ بھی وہی رویہ اختیار کیا جانا چاہیے جو ماضی میں ہماری پارٹی کے ساتھ رکھا گیا۔ آخر میں گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھی اپنے بانی سے قطع تعلق کر کے محبِ وطن ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔
پی ٹی آئی کا لب و لہجہ کسی اور جماعت نے اختیار نہیں کیا : خالد مقبول صدیقی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جس لب و لہجے کا استعمال کر رہی ہے، ایسا طرزِ سیاست کسی اور جماعت نے اختیار نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ شخصیت سے بالاتر ہو کر وطن کے لیے کھڑے ہوں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے حکومت میں شامل ہونے کے لیے واضح شرائط رکھی تھیں، جن میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی بنیادی شرط تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کو گزشتہ 15 برسوں میں 22 ہزار ارب روپے ملے، جن میں سے 11 ہزار ارب روپے کراچی کے حصے کے تھے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا ان 11 ہزار ارب میں سے 11 ارب روپے بھی کراچی پر خرچ ہوئے؟
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد فراہم کرتا ہے، کراچی پاکستان کو چلاتا ہے مگر اسے گھٹنوں پر لا دیا گیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہر سیاسی جماعت کے لاپتہ افراد کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے اور ہماری کوششوں سے لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمارے تمام لاپتہ ساتھی بے گناہ ہیں اور حکومت و عدلیہ کو چاہیے کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔



















