Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مصطفیٰ کمال کے بانی ایم کیو ایم پر عمران فاروق کے قتل کے سنگین الزامات

میں برطانیہ کی عدالتوں میں مقدمہ دائر کرنے کے لیے بھی تیار ہوں، مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے عمران فاروق کو قتل کرکے 17 ستمبر 2010 کو اپنی سالگرہ پر تحفہ دیا۔

بول نیوز کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں بانی ایم کیو ایم پر عمران فاروق کے قتل کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قتل کی تمام تفصیلات اور شواہد ان کے پاس موجود ہیں اور وہ برطانیہ کی عدالتوں میں مقدمہ دائر کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا کہ بانی ایم کیو ایم نے عمران فاروق کی اہلیہ کی لاش پر ڈرامہ کیا اور پاکستان میں لاش بھیجنے کے لیے لاکھوں پاؤنڈز کا چندہ وصول کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی کے تکیے کے نیچے سے پانچ لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے اور آفس سے ساڑھے چھ لاکھ پاؤنڈ بھی ملے، جبکہ یہ رقم چھ ہزار پاؤنڈ کے طور پر ظاہر کی گئی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کے بانی نے منی لانڈرنگ کے لیے خواتین کا استعمال کیا، جس میں سزا یافتہ خاتون “کہکشاں” بھی شامل تھی، جسے بعد میں امریکہ اور پاکستان میں گرفتار کیا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے نوجوانوں کو ہتھیار اٹھانے پر مجبور کیا اور اپنی ذاتی طاقت برقرار رکھنے کے لیے دہشت گردانہ اقدامات کیے۔

وفاقی وزیر صحت نے مہاجر قوم کو بدقسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کو بے وقوف بنایا۔

انہوں نے زور دیا کہ عمران فاروق کے قتل کی تفتیش سے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی فنڈنگ اور دہشت گردی کے تمام حقائق سامنے آ سکتے ہیں، لیکن بانی ایم کیو ایم اور کچھ اثرورسوخ رکھنے والے عناصر نے کیس دبایا۔

مصطفیٰ کمال نے قوم اور عمران فاروق کے اہلِ خانہ سے اپیل کی کہ وہ لندن میں عدالت میں مقدمہ دائر کریں اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ دو سال تک چپ رہنے کے باوجود قاتل خود حقیقت بتانے پر مجبور ہوا، اس لیے قوم کو آج حقائق سے آگاہ کیا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ ہمیشہ حق و سچ ببانگ دہل بیان کرتے رہے ہیں اور ایم کیو ایم پاکستان کی پالیسی اور جزبات کی عکاسی آج کے لب و لہجے میں بھی ظاہر ہیں۔

متعلقہ خبریں