Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قلات، سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارتی اسپانسرڈ 4 دہشت گرد جہنم واصل

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے

سیکیورٹی فورسز نے قلات میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران چار بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے کو بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں