محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی نوید سنا دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو کل سے مزید مضبوط ہو کر 31 دسمبر تک بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا جبکہ یہ سلسلہ 2 جنوری کی صبح تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان میں آج سے 31 دسمبر کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش اور برف باری متوقع ہے جبکہ نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی اور لورالائی میں بھی بارشیں ہو سکتی ہیں۔
اسی طرح موسیٰ خیل، تربت، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار اور واشک میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل کراچی، حیدرآباد، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، ٹھٹھہ اور بدین سمیت چند علاقوں میں بونداباندی ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کل اور یکم جنوری کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان اور پشاور میں بھی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برف باری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی کل سے 2 جنوری کی صبح تک بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، شگر، گلگت اور گانچھے میں برف باری متوقع ہے جبکہ وادی نیلم، مظفرآباد، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں بھی کل سے بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری متوقع ہے جبکہ 31 دسمبر اور یکم جنوری کو اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں بارش ہو سکتی ہے۔
سرگودھا، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ اور لاہور میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ شیخوپورہ اور گجرات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
31 دسمبر کو میانوالی، بھکر، خوشاب، نورپور تھل اور لیہ کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاول نگر، مظفرگڑھ، جھنگ اور ساہیوال میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کل سے 2 جنوری کی صبح تک برف باری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، بالاکوٹ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، پونچھ اور حویلیاں میں سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو بارش اور برف باری کے دوران محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے جبکہ وسطی و جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
















