پاکستان کی شپنگ انڈسٹری سے ایک اہم اور بڑی خبر سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع وزارتِ میری ٹائم کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے 30 فیصد شیئرز فروخت کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد ادارے کے مستقبل اور انتظامی کنٹرول سے متعلق اہم تبدیلیوں کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی این ایس سی میں حالیہ عرصے کے دوران پانچ نئے بحری جہازوں کی شمولیت کے بعد شیئرز کی فروخت غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئی تھی۔
ان حالات میں 30 فیصد حصص کی فروخت کو شپنگ سیکٹر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی این ایس سی کے 30 فیصد شیئرز ایک مقامی لاجسٹکس کارپوریشن نے حاصل کیے ہیں، جس کے پاس پہلے ہی بحری جہاز چلانے اور میری ٹائم آپریشنز کا عملی تجربہ موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے ادارے میں کارکردگی بہتر ہونے اور جدید انتظامی نظام متعارف کرانے کی امید کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 30 فیصد شیئرز کی فروخت کے بعد پی این ایس سی کا مینجمنٹ کنٹرول نئی کمپنی کے پاس جانے کا امکان موجود ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی قانونی اور انتظامی مراحل ابھی مکمل نہیں ہوئے۔
اہم پیش رفت کے باوجود نئی انتظامیہ کے پی این ایس سی کا کنٹرول سنبھالنے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔ وزارتِ میری ٹائم اور متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے پر مشاورت جاری ہے۔

















