کراچی : برطانیہ، کینیڈا اور فرانس سمیت 10 ممالک نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی صورتحال تباہ کن ہو چکی ہے جہاں شدید بارش، سردی اور مسلسل محاصرے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق غزہ میں تقریباً 13 لاکھ افراد کو فوری پناہ کی ضرورت ہے جبکہ محاصرے کے باعث طبی سہولیات کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
نکاسیٔ آب کے نظام کی تباہی کے نتیجے میں 7 لاکھ افراد زہریلا پانی پینے پر مجبور ہیں، جس سے صحت کے سنگین خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔
ممالک نے کہا کہ وہ غزہ کے عوام کی حالتِ زار سے نظریں نہیں چرا سکتے اور اقوام متحدہ کے اداروں کو وہاں بلا رکاوٹ کام جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر حماس غیر مسلح نہ ہوئی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ مشترکہ بیان برطانیہ، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، ناروے، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور جاپان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔


















