Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان کی ترقی میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے، فیلڈ مارشل

دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، عاصم منیر

راولپنڈی: آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 18 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات میں کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے جب کہ منفی پراپیگنڈے کو مسترد کرنا ہوگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 18 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جہاں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی استقامت، قربانیوں اور حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور ترقی میں کلیدی کردار رکھتا ہے۔ صوبے کی ترقی دراصل پورے ملک کی ترقی ہے۔

فیلڈ مارشل نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی اور عوامی فلاح کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے عوام کو مرکز میں رکھنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں سول سوسائٹی کا کردار انتہائی اہم ہے اور منفی پراپیگنڈے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جانا چاہیے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر بھارت کے حمایت یافتہ عناصر کی جانب سے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز مکمل عزم کے ساتھ ملکی سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہر سطح پر تیار ہیں۔

نشست کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ورکشاپ کے شرکاء کے درمیان سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں شرکاء نے بلوچستان کی ترقی، سلامتی اور قومی یکجہتی سے متعلق مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں