Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سی آئی اے کی سال 2025 میں کیا کارکردگی رہی، اعدادوشمار سامنے آ گئے

اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو/سی آئی اے) نے سال 2025 کی کارکردگی کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق یونٹ نے مختلف کارروائیوں کے دوران 690 جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق بھتہ خوروں اور ڈکیتوں کے خلاف 40 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں تاجروں اور صنعتکاروں سے بھتہ طلبی میں ملوث 6 بھتہ خور اور ڈکیتی کے دوران قتل میں ملوث 18 ڈاکو مارے گئے۔ ان مقابلوں میں 29 زخمیوں سمیت 82 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ایس آئی یو نے ڈکیتی کے دوران قتل میں ملوث 60 ملزمان اور بھتہ طلبی میں ملوث 99 ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 223 پستول، 7 رائفلیں اور 5 گرنیڈ برآمد کیے گئے۔

دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں چار بھارتی جاسوس بھی گرفتار کیے گئے۔ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 574 کلو چرس، 49 کلو آئس، 10 کلو ہیروئن، 6.5 کلو تنزانیہ کرسٹل، 3.5 کلو سے زائد ویڈ، 356 گرام کوکین اور 236 شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں۔

مزید برآں، سناروں سے سونا اور نقدی لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کر کے 608 گرام طلائی زیورات اور ایک کروڑ 37 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔ ایس ایس پی کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایس آئی یو کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں