نئے سال میں پاکستان اور بنگلادیش کے براہ راست فضائی رابطے کی بحالی کے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بنگلہ دیش کی قومی ائیرلائن بیمان کوڈھاکہ سے کراچی کی براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی۔
ذرائع سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق حکومت کی منظوری کے فوری بعد ڈی جی سی اے اے نے بنگلادیش کی ایئرلائن کو کراچی کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت کی منظوری دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور بیمان بنگلادیش ایئرلائن کو تین ماہ یعنی 30 مارچ 2026 تک منظوری شدہ روٹ کے ذریعے پاکستان کی فضائی استعمال کرتے ہوئے پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلہ دیش کا دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق
سی اے اے ذرائع کے مطابق بیمان بنگلادیش ایئر کو پاکستان ایئر اسپیس کے اندر طے شدہ روٹس پر عمل کرنا ہوگا، مذکورہ ایئر لائن کو کراچی ایرپورٹ پر سلاٹ کی منظوری بھی دے دی گئی، جبکہ ڈھاکہ سے کراچی روانگی سے قبل فلائٹ کی مکمل معلومات کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوگی۔
اس پیش رفت سے پاکستان اور بنگلادیش کے ایوی ایشن شعبہ کو فروغ ملے گا، جبکہ دونوں ممالک کے عوام اور حکومتی رابطوں میں اس فضائی رابطے کی براہ راست بحالی سے پاکستان اور بنگلادیش کو فائدہ ہوگا۔


















