Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت غیر محفوظ قرار، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میچز کا بائیکاٹ

بنگلہ دیش کے تمام ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے کسی متبادل ملک یا مقام پر منتقل کیے جائیں، بی سی بی

ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ایک بڑی اور غیر متوقع پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم بھارت جا کر ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے سے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور بورڈ حکام کی سیکیورٹی کو سنگین خدشات لاحق ہیں، جس کے باعث ٹیم کو وہاں بھیجنا ممکن نہیں۔

بی سی بی کے مطابق بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میچز کے حوالے سے مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ بنگلہ دیشی ٹیم اور آفیشلز کے لیے حالات غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔

اسی تناظر میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے تحریری درخواست بھی کی ہے کہ بنگلہ دیش کے تمام ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے کسی متبادل ملک یا مقام پر منتقل کیے جائیں۔

بی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بنگلہ دیشی کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ، بورڈ ممبران اور دیگر متعلقہ افراد کی جان، سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی صورتحال کی سنگینی کو سمجھے گی اور اس حساس معاملے پر فوری اور مناسب فیصلہ کرے گی، تاکہ ورلڈ کپ کے انعقاد پر منفی اثرات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں