Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:  آئی سی سی بنگلہ دیش  پر بھارت کو ترجیح دینے لگا

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان جاری تنازعے میں آئی سی سی پر بھارت کا ساتھ دینے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے معاملے پر بنگلہ دیش اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان جاری تنازعے میں آئی سی سی پر بھارت کا ساتھ دینے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

کرکٹ سے متعلق ایک ویب سائٹ کے دعوے کے مطابق آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی یہ درخواست مسترد کر دی ہے کہ اس کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے باہر منتقل کیے جائیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ تمام میچز بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے۔

ویب سائٹ کے مطابق بنگلہ دیش کو بھارت کا دورہ کرنا ہوگا، بصورت دیگر اسے پوائنٹس سے محرومی کے خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے اس حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کسی متبادل مقام پر غور سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی قسم کے الٹی میٹم یا باضابطہ انتباہ سے انہیں آگاہ نہیں کیا گیا، اور معاملے پر بات چیت کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔