ملک بھر میں موسم ایک بار پھر کروٹ لینے جا رہا ہے، جہاں آئندہ ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شدت اختیار کرنے کے آثار ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے لیے شدید سردی اور خراب موسم کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم کل سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوگا، جبکہ 20 جنوری سے اس کی شدت میں واضح اضافہ متوقع ہے۔
یہ موسمی نظام 21 جنوری کے بعد مزید علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، جس کے نتیجے میں متعدد شہروں اور پہاڑی علاقوں میں موسم انتہائی سرد اور غیر یقینی ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 19 جنوری تک گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا میں بھی برفباری اور بارش کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
18 سے 20 جنوری کے دوران مری اور گلیات میں شدید سرد موسم کے ساتھ برفانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سیاحتی علاقوں میں رش اور ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد میں 20 سے 23 جنوری کے دوران بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع بالخصوص مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
موسمی ماہرین کے مطابق 23 جنوری کو خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر بارش اور برفباری کا نیا اسپیل متوقع ہے۔
دوسری جانب 21 سے 23 جنوری کے دوران بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارش اور برفباری جبکہ 22 سے 23 جنوری کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید موسم کے باعث بالائی علاقوں میں سڑکیں بند، آمدورفت متاثر اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ آنے والے دن موسم کے لحاظ سے خاصے کٹھن ثابت ہو سکتے ہیں۔

















