ٹک ٹاک نے کم عمر صارفین کی ایپ تک رسائی روکنے کیلئے نیا نظام تیار کرلیا ہے جسے وہ جلد ہی یورپ میں متعارف کرائے گا، تاکہ 13 سال سے کم عمر کے بچوں کو ایپ پر آنے سے روکنے کے ساتھ ان کے اکاؤنٹس کی شناخت بہتر طریقے سے کی جا سکے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نظام ایک سال کے پائلٹ پروگرام کے بعد تیار کیا گیا ہے اور اس میں صارفین کی پروفائل معلومات، پوسٹ کردہ ویڈیوز اور رویے کے نمونوں کا تجزیہ کیا جائے گا تاکہ 13 سال سے کم عمربچوں کے اکاؤنٹس کی شناخت بہتر طریقے سے کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کاروباری اداروں کیلئے ٹک ٹاک کی نئی اشتہاری سہولت متعارف
ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ اس نظام کے ذریعے نشاندہی کیے گئے اکاؤنٹس کو فوراً خودکار طور پر بند نہیں کیا جائے گا بلکہ ماہر موڈریٹرز ان کا جائزہ لیں گے۔
کمپنی نے اس بات پر زور دیا کہ یورپ میں صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ قوانین کی پابندی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ٹیکنالوجی تیار کی گئی ہے۔
ٹک ٹاک نے اس عمل کو یورپی یونین کے ڈیٹا پروٹیکشن قوانین کے مطابق قرار دیا ہے اور نوجوانوں کے لیے محفوظ تجربات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔




















