Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیش گوئی سچ ثابت؛ کیا بابا وانگا نے اسمارٹ فونز کا دور دیکھ لیا تھا؟

بابا وانگا کی اسمارٹ فونز سے متعلق دہائیوں پرانی پیش گوئی، جو آج حقیقت بنتی دکھائی دے رہی ہے

بلغاریہ کی مشہور نابینا پیش گو بابا وانگا کی دہائیوں قبل کی گئی ایک پیش گوئی آج کے ڈیجیٹل دور میں حیران کن حد تک درست ثابت ہوتی نظر آ رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بابا وانگا نے ٹیکنالوجی کے مستقبل سے متعلق پیش گوئی کی تھی جس پر اس وقت کم ہی توجہ دی گئی، تاہم آج وہ پیش گوئی حقیقت کا روپ دھارتی دکھائی دیتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بابا وانگا کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں انسان روزمرہ زندگی کے معاملات میں چھوٹے الیکٹرانک آلات پر انحصار کرنے لگیں گے اور یہی آلات آہستہ آہستہ انسانوں کے باہمی تعلقات اور رابطے کے طریقوں کو تبدیل کردیں گے۔

موجودہ دور کا جائزہ لیا جائے تو یہ پیش گوئی درست ثابت ہوتی دکھائی دیتی ہے، جہاں بچے، نوجوان اور بزرگ سب ہی کمپیوٹر، ٹیبلٹس، اسمارٹ فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا کثرت سے استعمال کر رہے ہیں، یہ آلات اب کام، تفریح، رابطے اور سماجی میل جول کا بنیادی ذریعہ بن چکے ہیں، جس کے نتیجے میں اسکرین ٹائم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بابا وانگا نے اس بات کی بھی نشاندہی کی تھی کہ جیسے جیسے انسان چھوٹے الیکٹرانک آلات پر زیادہ انحصار کرے گا، ویسے ویسے حقیقی زندگی کے تعلقات کمزور ہوں گے اور اس کا منفی اثر ذہنی صحت پر پڑے گا۔

اگرچہ اسمارٹ فونز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا ہے، تاہم ان کے بے جا ستعمال نے ایک سنجیدہ مسئلے کی صورت اختیار کر لی ہے، خاص طور پر بچوں اور نوجوانوں میں اس کی عادت تشویشناک حد تک بڑھ رہی ہے۔

نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس کی ایک تحقیق کے مطابق 23.80 فیصد بچے سونے سے قبل بستر پر اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں اور عمر بڑھنے کے ساتھ یہ شرح مزید بڑھ جاتی ہے، جو بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسکرین کے زیادہ استعمال کو بےچینی، ڈپریشن اور توجہ کی کمی جیسے نفسیاتی مسائل سے بھی جوڑا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی جسمانی سرگرمیاں کم ہو رہی ہیں اور باہر جاکر ہم عمر بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے مواقع بھی محدود ہوتے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بابا وانگا کو اپنی درست پیش گوئیوں کے باعث عالمی شہرت حاصل ہوئی، ان کی مشہور پیش گوئیوں میں دوسری جنگِ عظیم، 11 ستمبر کے واقعات اور 2004 کے سونامی جیسے سانحات شامل کیے جاتے ہیں۔

 ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی کئی افراد کا ماننا ہے کہ بابا وانگا نے جدید ڈیجیٹل دور کے عروج کی پیشگوئی دہائیوں پہلے ہی کردی تھی، جو آج حیران کن طور پر حقیقت بنتی نظر آرہی ہے۔