کوئٹہ میں واقع موبائل پلازہ میں اچانک آگ لگنے کے بعد بروقت کارروائی اور مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔
آتشزدگی کے واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ پلازہ جل کر خاکستر ہوگیا ہے، جس سے تاجروں کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، ریسکیو 1122 اور سول انتظامیہ نے فوری طور پر مشترکہ اور مربوط ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
ریسکیو ٹیموں نے عمارت کو محفوظ بناتے ہوئے قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا، چار منزلہ پلازے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششوں کے دوران 2 فائر فائٹرز بھی خطرناک دھویں کی زد میں آکر بےہوش ہوئے جن کو بروقت طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا، جس سے صورتحال کو قلیل وقت میں معمول پر لایا گیا۔
حکام کے مطابق پلازے میں200 سے زائد مختلف دکانیں موجود ہیں اور اس میں ایک بیسمنٹ بھی شامل ہے۔
مقامی شہریوں اور دکان داروں نے ایف سی بلوچستان نارتھ، ریسکیو 1122 اور سول انتظامیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
