کراچی: گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے ساتھ میں قائم رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قراردے دیا ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رمپا پلازہ انتظامیہ اور دکان مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد گرنے والے ملبے سے رمپا پلازہ کے ساختی ستون شدید متاثر ہوئے ہیں، رمپا پلازہ کے نقصان زدہ اور خطرناک حصے کے استعمال پر فوری مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ اسٹرکچر سے غیر محفوظ عناصر فوری ہٹانے اور مرمت کرائی جائے، مرمتی اور مضبوطی کا تمام کام صرف مستند اسٹرکچرل انجینئر کی نگرانی میں کرایا جائے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مزید کہا کہ عمارت اس وقت تک استعمال نہیں ہوسکے گی جب تک مجاز اتھارٹی اسے محفوظ قرار نہ دے، احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی، رمپا پلازہ میں کسی بھی قسم کی سرگرمی بغیر اجازت جاری رہی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔
















