Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بھارت جنگ رکوانا بڑی کامیابی، 10 سے 20 ملین جانیں بچائیں: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور جنگ کی صورت میں خطے کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑتا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر پاک بھارت جنگ نہ رکتی تو 10 سے 20 ملین افراد مارے جا سکتے تھے، تاہم ان کی مداخلت سے یہ جنگ رک گئی۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی کوششوں سے لاکھوں جانیں بچیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور جنگ کی صورت میں خطے کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑتا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ طویل جنگیں ختم کروائیں، جن میں پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ بھی شامل ہے، تاہم یہ اقدامات نوبل انعام کے لیے نہیں کیے گئے۔

مزید پڑھیں: فرنسیسی صدر میکروں کی کرسی خطرے میں ہے، صدر ٹرمپ

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے بھی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں مہنگائی میں نمایاں کمی آئی، تیل کی قیمتیں نیچے آئیں، روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوئے اور اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں پر پہنچی۔

صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرحدیں کھولنے کی پالیسی کے باعث جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروش امریکا میں داخل ہوئے، تاہم ان کی حکومت نے غیرقانونی تارکین وطن اور ڈرگ ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائیاں کیں، جن میں منی سوٹا اور وینزویلا میں کامیاب آپریشنز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں غیرقانونی امیگریشن کو روکا گیا، تاریخی ٹیکس کٹوتیاں کی گئیں، وفاقی بجٹ خسارہ کم کیا گیا اور متعدد غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے پیداواری یونٹس امریکا منتقل کیے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا کی سلامتی، معیشت اور عالمی امن کے لیے ان کی حکومت کی کوششیں جاری رہیں گی۔