Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزن کم کرنے کیلیے انجکشن سے چھٹکارہ، گولی کو منظوری مل گئی

اس سے قبل ویگووی صرف ہفتے میں ایک بار لگائے جانے والے انجیکشن کی صورت میں دستیاب تھی

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے وزن کم کرنے کی دوا ویگووی (Wegovy) کی گولی کی منظوری دے دی ہے۔

یہ ایک GLP-1 ریسیپٹر ایگونسٹ دوا ہے، اس سے قبل ویگووی صرف ہفتے میں ایک بار لگائے جانے والے انجیکشن کی صورت میں دستیاب تھی۔

ویگووی میں موجود فعال جزو سیماگلوٹائیڈ ہے، جو اوزیمپک اور رائبیلس جیسی دیگر GLP-1 ادویات میں بھی شامل ہے۔

طبی جریدے میڈیکل نیوز ٹوڈے نے موٹاپے کے علاج کے ماہرین سے بات چیت میں بتایا کہ ویگووی کی گولی کو علاجِ موٹاپا میں ایک “گیم چینجر” قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرِ جراحی ڈاکٹر سیٹھ کپنِس کے مطابق انجیکشن سے خوف ایک بڑی رکاوٹ تھا، جو اب گولی کی شکل میں ختم ہو گئی ہے، جس سے مریضوں کی علاج تک رسائی اور تسلسل میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ڈاکٹر دیویکا اوماشَنکر نے کہا کہ ہفتہ وار انجیکشن کے مضر اثرات کئی دن تک رہ سکتے ہیں، جبکہ روزانہ لی جانے والی گولی کے سائیڈ ایفیکٹس عموماً 24 گھنٹوں میں کم ہو جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ویگووی کی گولی روزانہ خالی پیٹ لی جاتی ہے اور کھانے یا پینے سے پہلے کم از کم 30 منٹ انتظار ضروری ہے۔

وزن میں کمی کے حوالے سے گولی 64 ہفتوں میں تقریباً 14 فیصد جبکہ انجیکشن ایک سال سے زائد عرصے میں تقریباً 15 فیصد وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے، یعنی دونوں کی افادیت تقریباً یکساں ہے۔

ویگووی کی گولی اور انجیکشن کے مضر اثرات زیادہ تر معدے سے متعلق ہوتے ہیں، جن میں متلی، قے، اسہال اور قبض شامل ہیں۔

تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گولی کے درست اثر کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل ضروری ہے، جبکہ دودھ پلانے والی خواتین کے لیے ویگووی گولی استعمال کرنا مناسب نہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ویگووی چاہے گولی ہو یا انجیکشن، وزن کم کرنے کے لیے متوازن غذا، کم شکر اور کم کاربوہائیڈریٹس، جبکہ پروٹین اور سبزیوں کے زیادہ استعمال کے بغیر مؤثر ثابت نہیں ہو سکتی۔

ڈاکٹرز نے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ دوا کے انتخاب سے قبل اپنے معالج سے مکمل مشاورت ضرور کریں۔