Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہوگئی؛ ریسکیو آپریشن جاری

لاپتہ افراد کی تعداد 88 ہوچکی ہے

کراچی میں گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 60 ہوگئی ہے جبکہ ریسکیو آپریشن چھٹے روز بھی مسلسل جاری ہے۔

حکومت سندھ کے مسنگ پرسن ڈیسک کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد 88 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 14 افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جن میں سے 8 افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ 48 جاں بحق افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ملبے کے نیچے ممکنہ طور پر موجود لاشوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

گزشتہ شب ریسکیو آپریشن کے دوران گل پلازہ کے ایک حصے میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی، جو ملبے کے ڈھیر میں لگی، تاہم فائربریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔

پلازہ میں کتنے داخلی دروازے تھے؟

ذرائع کے مطابق گل پلازہ میں مجموعی طور پر 16 داخلی دروازے موجود تھے، جن میں سے حادثے کے وقت بیشتر بند تھے، صرف 2 دروازے کھلے تھے، جن کے ذریعے متاثرہ افراد نے باہر نکلنے کی کوشش کی۔

آتشزدگی کے دوران پھنسے افراد نے ایک دروازہ توڑ کر باہر نکلنے کی بھی کوشش کی، تاہم شدید دھوئیں اور آگ کے باعث متعدد افراد اندر ہی پھنس گئے۔

جاں بحق افراد کی لاشوں کا کیمیائی تجزیہ کرانے کا فیصلہ

واقعے کی تحقیقات کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 2 مختلف مقامات سے شواہد اکٹھے کیے، جن میں ایک مصنوعی پھولوں کی دکان سمیت دیگر مقامات سے مجموعی طور پر 6 نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کا کیمیائی تجزیہ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

آگ لگنے کی مکمل ٹائم لائن تیار

حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے آگ لگنے کی مکمل ٹائم لائن تیار کر لی ہے۔

فوٹیج کے مطابق پلازہ کے عقب میں ہفتے کی رات 10 بج کر 7 منٹ پر آگ لگی، ایک منٹ بعد دھواں پھیلنا شروع ہوا جبکہ 10 بج کر 12 منٹ پر آگ کے شعلے واضح طور پر نظر آنے لگے اور ایمبولینسز موقع پر پہنچنا شروع ہو گئیں۔

ذرائع کے مطابق ایم اے جناح روڈ کی جانب واقع حصے میں 10 بج کر 18 منٹ پر آگ نمودار ہوئی، جس کے چند ہی لمحوں بعد فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی پہنچ گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو پلازہ کے پچھلے حصے سے اگلے حصے تک پہنچنے میں تقریباً 11 منٹ لگے، جس سے آگ کی تیزی اور شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔