Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری، شرحِ سود سنگل ڈیجٹ پر آگئی

شرح سود میں کمی ملکی معیشت اور حکومت پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے

حکومت کی سنجیدہ معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ہونے والی تازہ ٹی بل نیلامی میں شرحِ سود 10 فیصد سے بھی نیچے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق ریکارڈ 22 فیصد تک پہنچنے والا پالیسی ریٹ 2 سال کے اندر اندر 10 فیصد سے نیچے آ گیا۔

مالیاتی کمپنی ٹاپ لائن کے مطابق ایک ماہ کے ٹی بل یعنی حکومتی قرض کے لیے بولیوں پر شرحِ منافع 9.89 فیصد رہی جو پچھلی بار کے مقابلے میں 0.30 فیصد کم ہے۔

ٹاپ لائن کا کہنا ہے کہ تین ماہ کے ٹی بل پر منافع کی شرح 9.89 فیصد رہی جس میں 0.25 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، چھ ماہ کے ٹی بل پر شرح 9.94 فیصد رہی، یعنی یہاں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں غیر معمولی اضافہ، اسٹیٹ بینک رپورٹ

 معاشی ماہرین کے مطابق شرح سود میں کمی واضح علامت ہے کہ مقامی سرمایہ کار اور مالیاتی ادارے مستقبل کو زیادہ محفوظ اور بہتر سمجھ رہے ہیں، حکومت اور اسٹیٹ بینک نے گذشتہ چند برسوں میں سخت مالی اور معاشی نظم و ضبط اپنایا ہے۔

معاشی ماہرین نے مز ید کہا کہ شرحِ سود میں یہ کمی عوام کے لیے بھی سود مند ثابت ہو گی، اس کمی سے صنعت کو فروغ ، نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا،  شرح سود میں کمی ملکی معیشت اور حکومت پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔