Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یہ کون ہیں؟ فضیلہ قاضی کا فہد مصطفیٰ سے متعلق حیران کن بیان وائرل

اداکارہ کا بیان سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بن گیا

شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے اداکار فہد مصطفی کو پہنچاننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون ہیں؟

اداکارہ فضیلہ قاضی نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران شوبز انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر گفتگو کی، جس دوران اداکار فہد مصطفیٰ سے متعلق ان کا بیان سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بن گیا۔

انٹرویو کے دوران جب میزبان نے فضیلہ قاضی سے فہد مصطفیٰ کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے مختصر مگر حیران کن انداز میں جواب دیا، “فہد مصطفیٰ؟ وہ کون ہیں؟” جس پر ناظرین نے حیرت کا اظہار کیا اور اس بیان کو چونکا دینے والا قرار دیا۔

اسی گفتگو کے دوران فضیلہ قاضی نے اداکار ہمایوں سعید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ان کے گھر مہمان بن کر آئیں تو وہ محض ایک کپ چائے پیش کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی طور پر وہ اس کی بھی پابند نہیں، تاہم بطور انسان مہمان نوازی کو اہم سمجھتی ہیں۔

اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کے کاروباری نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بعض اداکار دوسروں سے پیسے لے کر ڈرامے بناتے رہے اور اپنی شہرت کو استعمال کرتے ہوئے بڑے پروڈیوسرز بن گئے۔

فضیلہ قاضی کے مطابق بعض مواقع پر فنکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ ادا کیا گیا جبکہ کئی بار ایسا بھی ہوا کہ ادائیگیاں نہیں کی گئیں اور کچھ افراد صرف دوسروں کے سرمائے سے کامیابی حاصل کرتے رہے۔