Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری

شہر میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بعض علاقوں میں تیز جبکہ کہیں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا آغاز ہوا ہے جبکہ صائمہ عرابین ولاز، سرجانی ٹاؤن، سرجانی، نارتھ کراچی، نیو کراچی اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہو رہی ہے۔

جامعۃ الرشید، احسن آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے، اسی طرح سوک سینٹر، گلشن اقبال اور اطراف میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ عائشہ منزل، عزیز آباد اور قریبی علاقوں میں بھی بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں کہیں تیز تو کہیں درمیانے درجے کی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد شہر میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے جبکہ اس وقت شہر کے مضافاتی علاقوں میں تیز بارش جاری ہے اور 40 تا 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔