Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت؛ حکام نے رپورٹ تیار کرلی

دروازے بند ہونے کی وجہ سے شدید بھگدڑ مچ گئی، عمارت کی چھت کی طرف جانے والے راستے پر بھی گرل لگی ہوئی تھی۔

کراچی: تحقیقاتی حکام نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے جس میں آتشزدگی کی وجوہات سے متعلق اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق گل پلازہ میں آگ مصنوعی پھولوں کی ایک دکان میں لگی، جہاں موجود بچوں کے کھیلنے کے دوران آگ بھڑکنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے جس کے باعث آگ لگی جو ابتدا میں دکان میں موجود سامان تک محدود رہی۔

تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ آگ بعد ازاں دکان سے پھیل کر عمارت میں موجود بجلی کی تاروں تک جاپہنچی تاہم یہ واضح کیا گیا ہے کہ آتشزدگی شارٹ سرکٹ کے باعث نہیں لگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ لگتے ہی عمارت میں موجود افراد نے فوری طور پر خارجی راستوں کی طرف جانے کی کوشش کی لیکن دروازے بند ہونے کی وجہ سے شدید بھگدڑ مچ گئی۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت عمارت میں زیادہ تر دکانیں کھلی ہوئی تھیں جب کہ عمارت کی چھت کی طرف جانے والے راستے پر بھی گرل لگی ہوئی تھی جس کے باعث لوگوں کو نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے عمارت میں نصب سی سی ٹی وی سسٹم مکمل طور پر متاثر ہوگیا تاہم عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں اور ان کی روشنی میں تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جارہا ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ گل پلازہ سے متعلق مزید پیشرفت اور حتمی نتائج سے عوام کو تفتیشی حکام کی جانب سے وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جاتا رہے گا۔