اسلام آباد: اعلیٰ ریاستی سول ایوارڈز حاصل کرنے والے پاکستانی شہریوں کو مختلف سرکاری سہولیات اور مالی فوائد فراہم کیے جاتے ہیں جن کی تفصیلات سرکاری دستاویزات میں سامنے آگئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق تمغہ حاصل کرنے والوں کے علاوہ تمام سول ایوارڈز جیتنے والوں کو ملک بھر میں موجود حکومتی گیسٹ ہاؤسز مفت استعمال کرنے کی سہولت دی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ ایوارڈ حاصل کرنے والے افراد کو مختلف اقسام کے ہتھیار بغیر لائسنس رکھنے کی اجازت بھی حاصل ہوتی ہے۔
سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سول ایوارڈز جیتنے والوں کو وی آئی پی لاؤنج کے استعمال کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے جو انہیں ملکی و بین الاقوامی سفر کے دوران دی جاتی ہے۔
دستاویزات کے مطابق نشانِ شجاعت حاصل کرنے والوں کو 15 لاکھ روپے سے لے کر 18 لاکھ 75 ہزار روپے تک کی رقم دی جاتی ہے جب کہ ہلالِ شجاعت حاصل کرنے والوں کو 12 لاکھ 75 ہزار روپے سے 16 لاکھ 25 ہزار روپے تک مالی اعزاز دیا جاتا ہے۔
اسی طرح ستارۂ شجاعت حاصل کرنے والوں کو 11 لاکھ 25 ہزار روپے سے 13 لاکھ 75 ہزار روپے تک دیے جاتے ہیں جب کہ تمغۂ شجاعت حاصل کرنے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 11 لاکھ 25 ہزار روپے تک کی رقم دی جاتی ہے۔
سرکاری دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی حاصل کرنے والوں کو 12 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم دی جاتی ہے۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ تمام مالی اور دیگر سہولیات صرف پاکستانی شہریوں کے لیے ہیں جب کہ غیر ملکی شہری ایوارڈ حاصل کرنے کی صورت میں ان فوائد کے حقدار نہیں ہوتے۔


















