ہر طرح سے بیٹھنے کی حالت ایک جیسی نہیں ہوتی تاہم دماغی صحت کے لیے بیٹھنے کا بہترین طریقہ ہم آج آپ کو بتانے جارہے ہیں۔
زیادہ وقت بیٹھنا جسم اور دماغ دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے لیکن ایک طریقے سے بیٹھنے سے دماغ پر زیادہ منفی اثر نہیں پڑتا۔
حالیہ تحقیق میں 85 مطالعات کا جائزہ لیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ ہمیں فعال بیٹھنے اور غیرفعال بیٹھنے میں فرق کرنا چاہیے۔
فعال بیٹھنا وہ ہے جب آپ کتاب پڑھتے ہیں، تاش کھیلتے ہیں یا کمپیوٹر پر کچھ بناتے ہیں۔ غیر فعال بیٹھنا وہ ہے جب صرف ٹی وی دیکھ رہے ہوں یا آرام سے بیٹھے ہوں۔
تحقیق سے پتا چلا کہ فعال بیٹھنا دماغ کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے کیونکہ یہ دماغ کو متحرک رکھتا ہے جب کہ غیر فعال بیٹھنا جسم اور دماغ دونوں کو سست کردیتا ہے۔
آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ کے محقق پال گارڈینر کہتے ہیں ’’کُل بیٹھنے کے وقت کو دماغی صحت سے جوڑ کر دیکھا گیا ہے لیکن اکثر بیٹھنے کو ایک ہی چیز کے طور پر دیکھا جاتا ہے‘‘۔
انہوں نے بتایا ’’زیادہ تر لوگ روزانہ کئی گھنٹے بیٹھتے ہیں، اس لیے بیٹھنے کی نوعیت واقعی اہم ہے۔ روزانہ کے چھوٹے چھوٹے انتخاب جیسے ٹی وی کی بجائے کتاب پڑھنا دماغی صحت کو بہتر رکھنے میں مددگار ہیں‘‘۔
یقیناً ورزش دماغ اور جسم کی صحت کے لیے اہم ہے لیکن دماغ کو متحرک رکھنا بھی ضروری ہے اور اس کے لیے ہمیشہ چلنا یا کھڑا ہونا ضروری نہیں۔
تحقیق کے مطابق فعال بیٹھنے والی سرگرمیاں، جیسے کتاب پڑھنا، تاش کھیلنا یا کمپیوٹر پر کام کرنا دماغی صلاحیتیں بہتر کرتی ہیں جیسے یادداشت، فیصلہ سازی اور معلومات کو یاد رکھنے کی صلاحیت۔
غیر فعال بیٹھنا اکثر دماغی صحت پر منفی اثر ڈالتا ہے اور اس سے یادداشت کی کمی یا ڈیمنشیا کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اثر زیادہ بڑا نہیں لیکن اہم ہے۔ محققین چاہتے ہیں کہ لوگ اس فرق کو سمجھیں اور چھوٹے روزمرہ فیصلے کرکے اپنے دماغ کو تندرست رکھیں۔




















