Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سانحہ گل پلازہ؛ سرچ آپریشن آخری مرحلے میں داخل، جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہوگئی

سانحہ گل پلازہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے

کراچی کے علاقے گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر سرچ آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق ملبے میں تلاش کا کام آج مکمل کر لیا جائے گا اور سرچ آپریشن فائنل اسٹیج میں ہے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کا کہنا ہے کہ سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہو چکی ہے جبکہ لاپتہ افراد کی حتمی فہرست میں 77 نام شامل ہیں۔ اگر کوئی شخص اب بھی کسی لاپتہ فرد کے حوالے سے معلومات رکھتا ہے تو ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرسکتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ٹیم موقع پر تعینات ہے اور انہی کی نگرانی میں ملبہ ہٹانے اور تلاش کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب تحقیقاتی حکام نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے، جس میں آتشزدگی کی ممکنہ وجوہات پر اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق آگ پلازہ میں موجود مصنوعی پھولوں کی ایک دکان میں لگی، جہاں بچوں کے کھیلنے کے دوران آگ بھڑکنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، جس کے باعث آگ بھڑکی جو ابتدا میں دکان کے سامان تک محدود رہی، تاہم بعد ازاں آگ عمارت میں موجود بجلی کی تاروں تک پھیل گئی، یہ آتشزدگی شارٹ سرکٹ کے باعث نہیں لگی۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق آگ لگتے ہی عمارت میں موجود افراد نے فوری طور پر باہر نکلنے کی کوشش کی، تاہم متعدد دروازے بند ہونے کے باعث شدید بھگدڑ مچ گئی۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت عمارت میں زیادہ تر دکانیں کھلی تھیں جبکہ چھت کی جانب جانے والے راستے پر بھی گرل نصب تھی، جس کے باعث لوگوں کو نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق آگ کے باعث عمارت میں نصب سی سی ٹی وی سسٹم مکمل طور پر متاثر ہو گیا، تاہم عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں اور انہی شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ سے متعلق مزید پیش رفت اور حتمی نتائج سے عوام کو وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جاتا رہے گا۔