Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین؛ اسٹریٹ لیمپ کے پائپ میں اگنے والا بانس عزم و استقامت کی علامت بن گیا

بانس کی اس حیرت انگیز سفر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے

 دنیا بھر میں  روز ہی کوئی نہ کوئی ایسی ویڈیو یا شے مشہور ہوجاتی ہے جس سے دوسروں کو ایک مثبت سبق ملتا ہے ایسا ہی ایک واقعہ چین میں پیش آیا جس میں بانس کے پودا نے ایک غیر معمولی شہرت اپنے نام کرلی۔

چین کے صوبے ژیجیانگ کے شہر سنچانگ کے ورلڈ ٹریڈ پلازہ کے قریب ایک  دھاتی اسٹریٹ لیمپ کے 6 میٹر طویل پائپ کے اندر سے نشونما پاکر دوسری جانب سرسبز پتوں کی صورت میں سامنے آنے والا بانس کا پودا مقامی افراد کے لیے غیر معمولی لچک اور استقامت کی علامت بن گیا ہے۔

بانس کی اس حیرت انگیز سفر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جبکہ اسے ناقابل تسخیر بانس کا لقب دیا گیا ہے، جو صرف چند سینٹی میٹر کی دوری پر لیمپ پوسٹ کے قریب جڑ پکڑ کر اُس کے اندر ایک چھوٹے سے سوراخ کے ذریعے داخل ہو گیا تھا۔
زیادہ تر پودے اندھیرے میں نشونما نہیں پاتے، تاہم  بانس یہ سفر کرنے میں کامیاب رہا، اس کی وجہ یہ تھی یہ پودا ایک مضبوط اور وسیع جڑوں کا نظام اور زیرِ زمین تنا کا حامل تھاہے جو گہرائی تک جا کر پانی اور معدنیات جذب کرنے کی صلاحیت رکھتاتھا، جس کی بدولت یہ ابتدائی مراحل میں روشنی کے بغیر بھی بڑھتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: بانس میں پکایا جانے والا مہنگا ترین نمک، قیمت جان کر آپ کے ہوش اُڑ جائیں گے

اس منفرد بانس کے تنے کی ویڈیو ایک مقامی شخص ’مسٹر جیا‘ نے اپنے بچوں کے ساتھ اس جگہ پر جاتے ہوئے بنائی تھی۔ وہ وہاں بانس کے پتے دیکھ کر حیران رپ گیا تھا اور اپنے بچوں کے ساتھ اس دلچسپ منظر کو فلمبند کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن انھیں یہ نہیں معلوم تھا کہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی مقبول ہو جائے گی۔

مسٹر جیا نے کہا کہ مجھے یہ حیرت انگیز لگا، اور بچوں کو بھی بہت پسند آیا، اس لیے میں نے ویڈیو بنائی۔ میں نے نہیں سوچا تھا کہ ایک معمولی ویڈیو اتنی مقبول ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو چند گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھی گئی اور بانس کا یہ پودا سنچانگ میں راتوں رات مشہور ہو گیا۔

 لوگ اس حیرت انگیز منظر کو دیکھنے کے لیے یہاں آنے لگے اور کچھ لوگوں نے اپنے بچوں کو عزم، صبر اور زندگی کی اہمیت سکھانے کے لیے اسے دیکھنے کا مشورہ دیا۔