Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، سانحہ گل پلازہ پر متفقہ قرارداد منظور

قرار داد ایم کیو ایم پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے پیش کی

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سانحہ گل پلازہ پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں سانحہ گل پلازہ میں آتشزدگی پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حادثہ یا بے حسی؟ سانحہ گل پلازہ پر شوبز ستاروں نے سوالات اٹھا دیے

قرارداد میں پارلیمنٹ نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے فائر فائٹر فرقان علی کو خراج تحسین پیش کیا اور حکومت سندھ سے متاثرہ خاندانوں کو فوری سہولیات فراہم کرنے کی سفارش کی۔

قرار داد ایم کیو ایم پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کرتا ہے، یہ ایوان گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ آگ سے بچاؤ کے انتظامات کئے جائیں، علاوہ ازیں سانحے کے متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔

اس حوالے سے شیری رحمان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ حادثے سے متعلق تفصیلات سامنے آ رہی ہیں، اس موقع پر اقبال آفریدی نے تقریر میں مداخلت کی کوشش کی، جس پر اسپیکر نے کہا کہ اگر آپ مداخلت کریں گے تو اجلاس ملتوی کر دوں گا۔

شیری رحمان نے تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی اور شہریوں کی مکمل ذمہ داری لیتی ہے، اس معاملے کو سیاست یا لسانیت کا مسئلہ نہ بنایا جائے، یہاں پر فوراً 18ویں ترمیم کی بات کر دی جاتی ہے، آپ کے وزراء کراچی کو الگ کرنے کی بات کرتے ہیں، ہم نے اس ملک کیلئے قربانیاں دیں، آپ اس وقت کہاں تھے، نعشوں پر سیاست نہ کریں آپ کے ووٹ اس سے بڑھیں گے۔