Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بڑھاپے میں مدافعتی نظام کو دوبارہ جوان بنانے کا طریقہ دریافت

عمر بڑھنے کے ساتھ انسانی جسم کا مدافعتی نظام بتدریج کمزور ہوجاتا ہے۔

سائنسدانوں نے بڑھاپے میں مدافعتی نظام کو دوبارہ جوان بنانے کا ممکنہ طریقہ دریافت کرلیا۔

عمر بڑھنے کے ساتھ انسانی جسم کا مدافعتی نظام بتدریج کمزور ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں بیماریاں، انفیکشن اور کینسر جیسے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

اب سائنس دانوں نے مدافعتی نظام کے ایک اہم حصے کو دوبارہ فعال کرنے کا ایسا طریقہ دریافت کیا ہے جو بڑھاپے میں صحت کو بہتر بناسکتا ہے۔

اس تحقیق میں ماہرین نے دل کے قریب موجود ایک چھوٹے سے عضو پر توجہ دی جو مدافعتی خلیات بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

یہ عضو بچپن اور جوانی میں تو سرگرم رہتا ہے مگر عمر بڑھنے کے ساتھ سکڑ جاتا ہے اور مدافعتی خلیات کی پیداوار کم ہوجاتی ہے۔

تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے چوہوں پر تجربات کیے اور پایا کہ عمر رسیدہ جسم میں مدافعتی نظام کے چند اہم پیغامی اجزا کم ہوجاتے ہیں جو خلیات کو مدافعتی محافظ بننے اور صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

ماہرین نے ایک جدید طریقہ اپناتے ہوئے جگر کے ذریعے ان پیغامی اجزا کی پیداوار بحال کی۔ جگر کو اس لیے منتخب کیا گیا کیونکہ یہ بڑھاپے میں بھی پروٹین بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور جسم کے اندر آسانی سے قابلِ رسائی ہوتا ہے۔

عمر رسیدہ چوہوں کو چار ہفتوں تک خصوصی علاج دیا گیا جس کے نتیجے میں نہ صرف مدافعتی خلیات کی تعداد بڑھی بلکہ ان کی اقسام میں بھی اضافہ ہوا۔ ان چوہوں نے ویکسین پر بہتر ردِعمل دیا اور کینسر کے خلاف زیادہ مؤثر انداز میں لڑنے کی صلاحیت دکھائی۔

اہم بات یہ ہے کہ یہ عمل عارضی تھا، جس سے مدافعتی نظام کے حد سے زیادہ متحرک ہونے اور جسم کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ نتائج حوصلہ افزا ہیں تاہم انسانوں پر اس طریقہ علاج کو آزمانے سے پہلے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ اگر یہ طریقہ انسانوں میں بھی مؤثر ثابت ہوا تو مستقبل میں لوگ زیادہ عرصے تک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔