مری میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ برفباری کے بعد شدید سردی اور پھسلن کا خطرہ بڑھ گیا۔
گزشتہ رات سے مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری اور گلیات میں اگلے 2 سے 3 گھنٹوں کے دوران مزید وقفے وقفے سے بارش اور برفباری متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بارش اور شدید برفباری کی پیش گوئی کی ہے جس سے سڑکیں پھسلن زدہ ہوسکتی ہیں۔ محکمہ کے مطابق مری اور گردونواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ہنگامی صورت حال میں شہری 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
محکمہ نے زور دیا کہ شدید برفباری اور برف سے متاثرہ سڑکوں کے باعث سفر کے دوران تمام افراد کو اپنی حفاظت کو ترجیح دینی چاہیے۔



















