Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہری خبردار! مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی

مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ کل رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ کل رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جو پیر کے روز ملک کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گا اور منگل تک بارش اور برفباری کا سبب بنے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل رات سے 26 جنوری کے دوران کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ نوشکی، لورالائی، ژوب، قلات، بارکھان اور سبی میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور بالائی سندھ کے علاقوں سکھر، دادو، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اور 27 جنوری کو گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، سکردو اور شگر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ہنزہ، گانچھے اور گلگت میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے، تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر شدید برفباری کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، راولاکوٹ اور حویلی میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ اور کوہستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں اور پشاور میں بھی بارش متوقع ہے۔ نوشہرہ، صوابی، مردان، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جنوری سے اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی اور چکوال میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

 پنجاب کے دیگر علاقوں اٹک، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گجرات، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان، لیہ اور بھکر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔