پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے اپنی مرحوم والدہ کی یاد میں دل کو چھو لینے والی شاعری شیئر کردی، جس نے مداحوں کو جذباتی کردیا۔
حال ہی میں عمران عباس نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب ’جشنِ جون ایلیا‘ میں شرکت کی، جو اردو شاعری اور نامور شاعر جون ایلیا کے نام سے منسوب تھی۔
اس موقع پر اداکار نے اپنی والدہ کے انتقال کے بعد ان کے لیے لکھی گئی ایک نظم سنائی، جس کے دوران وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
نظم کے اشعار کچھ یوں ہیں:
’’آنکھیں ڈھونڈتے ڈھونڈتے تھک گئیں عیدی دینے والے ہاتھ،
میری نظر اتارنے والے اور وہ صدقہ دینے والے ہاتھ۔
کتنی ساری باتیں تھیں جو کہنی تھیں، تب بھول گیا،
میرے ہاتھ سے چھوٹ رہے تھے جب وہ تیرے ٹھنڈے ہاتھ۔ ‘‘
بعد ازاں عمران عباس نے کمنٹس میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ نظم انہوں نے اپنی والدہ کے انتقال کے بعد پہلی عید پر تحریر کی تھی۔
انہوں نے مداحوں کی محبت اور پذیرائی پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے تمام چاہنے والوں سے عاجزانہ درخواست کرتے ہیں کہ ان کی مرحوم والدہ، والد اور بہن کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
عمران عباس نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کے والدین کو صحت و تندرستی کے ساتھ طویل عمر عطا فرمائے اور جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، ان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین۔














