Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلیک پرل اسٹرابیریز، چینی سوشل میڈیا پر نیا فوڈ ٹرینڈ

بلیک پرل اسٹرابیریز کو ان کے گہرے جامنی رنگ اور غیر معمولی قیمت کی وجہ سے ’’اسٹرابیریز کی ہرمیز‘‘ کہا جاتا ہے

چین میں اسٹرابیری کی ایک نایاب قسم کافی مقبول ہو رہی ہے جسے بلیک پرل کہا جاتا ہے، یہ اسٹربیری گہری جامنی تقریباً سیاہ رنگ لیے ہوئے ہے اور اسی خوبی کی بدولت لوگ اسے مہنگے داموں یعنی فی پاؤنڈ تقریباً 45  ڈالر تک ادا کرکے خرید رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جاپان کی خاص اسٹرابیریز، جیسے وائٹ جیول اور بیجن ہیمے، بھی کافی مشہور ہوئی تھیں، تاہم اب چین نے بلیک پرل اسٹرابیری کے ذریعے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

بلیک پرل اسٹرابیریز کو ان کے گہرے جامنی رنگ اور غیر معمولی قیمت کی وجہ سے ’’اسٹرابیریز کی ہرمیز‘‘ کہا جاتا ہے اور دعویٰ کیا جاتاہے کہ یہ بہت زیادہ میٹھی اور مزیدار ہیں۔ ان کی قیمت زیادہ ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ کم مقدار میں پیدا ہوتی ہیں اور انہیں اگانا مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹرابیری کو نمک ملے پانی میں بھگوکر استعمال کرنے کے فائدوں سے واقف ہیں؟

یہ اسٹرابیریز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے ان کی مانگ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ان سب کے باوجود بہت سے اسٹرابیری کاشتکار اس رجحان کو اپنانے سے ہچکچا رہے ہیں، کیونکہ اس میں محنت زیادہ اور پیداوار کم ہوتی ہے، جس سے انہیں فائدہ نہیں ہوتا۔

ماہرین کے مطابق، بلیک پرل اسٹرابیریز کا جامنی رنگ اینتھوسیانن نامی اینٹی آکسیڈنٹ کی وجہ سے ہے جو صحت کے لیے انتہائی مفید ہے، یہ جز بلیوبیری جیسے پھلوں میں بھی بکثرت پایا جاتا ہے۔

اگرچہ یہ بلیک پرل اسٹرابیریز سوشل میڈیا پر اپنی کم پیداوار کی وجہ سے ایک ٹرینڈ بن گئی ہے لیکن یہ واقعی نہایت مزیدار بھی ہے، اگر مستقبل میں انہیں آسانی سے اگایا جا سکے تو ممکن ہے کہ یہ عام مارکیٹ میں بھی ملنے لگیں۔