آئی سی سی نے بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے خارج کرکے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیش کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار پر اسے 2026 کے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے خارج کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ساتھ تقریباً تین ہفتوں تک جاری مذاکرات کے بعد کیا گیا۔
آئی سی سی نے بورڈ ممبران کو ای میل کے ذریعے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بی سی بی طے شدہ شیڈول کے مطابق بھارت میں میچ کھیلنے پر آمادہ نہیں، جس کے باعث بورڈ کے فیصلے کے تحت بنگلا دیش کی جگہ متبادل ٹیم کو شامل کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی دباؤ پر آئی سی سی سے سمجھوتہ قبول نہیں، بنگلا دیش کا واضح پیغام
کرکٹ ویبسائٹ کے مطابق آئی سی سی نے جمعہ کی شام بی سی بی کو باضابطہ طور پر فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی کو بتایا تھا کہ بنگلا دیشی حکومت نے ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دی، جبکہ بی سی بی نے معاملہ آئی سی سی کے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) میں لے جانے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
تاہم آئی سی سی کے قواعد کے مطابق ڈی آر سی آئی سی سی بورڈ کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا فورم نہیں بن سکتی۔
یہ فیصلہ بدھ کے روز آئی سی سی بورڈ کے ہنگامی ویڈیو اجلاس میں کیا گیا، جس میں اکثریتی ارکان نے بنگلہ دیش کے انکار کی صورت میں متبادل ٹیم شامل کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔
آئی سی سی کا مؤقف تھا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز کے اتنے قریب شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں اور بغیر کسی قابلِ اعتبار سیکیورٹی خطرے کے میچز منتقل کرنا مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس کے لیے خطرناک مثال قائم کر سکتا ہے۔
بنگلا دیش گروپ سی میں شامل تھا اور اسے کولکتہ میں تین جبکہ ممبئی میں ایک میچ کھیلنا تھا، جو اب اسکاٹ لینڈ کھیلے گا۔
بی سی بی صدر امین الاسلام نے آئی سی سی پر دوہرے معیار کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پاکستان نہ جانے کے فیصلے پر آئی سی سی نے مختلف رویہ اختیار کیا تھا۔
سیکیورٹی خدشات اس وقت سامنے آئے جب بھارتی کرکٹ بورڈ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ہدایت دی کہ وہ مستفیض الرحمٰن کو آئی پی ایل 2026 کے اسکواڈ سے ریلیز کر دیں۔
آئی سی سی نے اس معاملے کو ورلڈ کپ کی سیکیورٹی سے غیر متعلق قرار دیتے ہوئے بنگلا دیش کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔



















